صوابی میں کلاؤڈ برسٹ، 15 افراد ہلاک، متعدد گھر تباہ، امدادی کارروائیاں جاری

اہم خبریںپاکستان

صوابی، خیبرپختونخوا: بونیر کے بعد صوابی میں بھی کلاؤڈ برسٹ کے شدید اثرات دیکھنے میں آئے ہیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہوئے اور متعدد مکانات ڈوب گئے ہیں۔ نصر اللہ، ڈپٹی کمشنر صوابی کے مطابق دالاوڑی گدون گاؤں میں کئی گھر گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی سی نصر اللہ نے بتایا کہ کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اے سی، ڈپٹی کمشنر، سول ڈیفنس، پولیس اور رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات، ادویات کی فراہمی اور امدادی کیمپ کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈی سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر امداد میں حصہ لیں، جبکہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری صورتحال خود مانیٹر کر رہے ہیں۔

لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،پی ڈی ایم اے کی سیاحوں سے مری کا سفر نہ کرنے کی اپیل

صوابی میں مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ ٹوپی بازار خوڑ میں کار سیلابی پانی میں بہہ گئی۔ تھنڈکوئی میں 2 سے 3 فٹ پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ اتلہ روڈ اور اسٹیفہ موڑ میں لینڈ سلائیڈنگ اور گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بونیر میں بھی شدید کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد گاؤں تباہ ہو گئے تھے، اور 100 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔