اے آئی انسانیت کو ختم کر سکتی ہے: سائنسدانوں کا انتباہ

سائنس ٹیکنالوجی

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) انسانیت کو ختم کر سکتی ہے۔

انسانیت کے خاتمے کی بات ہوتی ہے تو انسانی دماغ میں عموماً ایٹمی دھماکے، خطرناک وائرس اور ٹرمینیٹر جیسے قاتل روبوٹس آتے ہیں مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ حقیقت اس سے بھی کہیں زیادہ خاموش اور پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ سب سے بڑا خطرہ یہ نہیں کہ کوئی مشین اچانک انسانوں کے خلاف جنگ شروع کر دے بلکہ یہ ہے کہ انسان خود اپنی سوچنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت اے آئی کے حوالے کرتا چلا جائے۔

شیفیلڈ ہالام یونیورسٹی کے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے ماہر ڈاکٹر سیموئیل ونانزی کے مطابق مسلسل اے آئی پر انحصار انسانوں کی تنقیدی سوچ، منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بتدریج کمزور کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مسئلہ ایک دن میں پیدا نہیں ہو گا بلکہ ہم چھوٹے چھوٹے کام اے آئی کے سپرد کرتے جائیں گے۔ تحریر، تحقیق، کوڈنگ، فیصلے، معلومات کا تجزیہ اور وقت کے ساتھ انسان کے لیے خود سوچنے کے بجائے مشین سے جواب لینا زیادہ آسان محسوس ہونے لگے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی سب سے بڑی خطرے کی گھنٹی ہے کیونکہ انسان اہم فیصلوں میں جب اپنے رائے پر اے آئی کو زیادہ قابل اعتماد سمجھنے لگے گا یہ نتائج بھیانک ہو سکتے ہیں۔