پاکستان میں کاروباری حالات بہتر، قرض کا منظرنامہ مضبوط:فچ
کراچی: عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے بینک اب کاروباری حجم بڑھانے کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، کیونکہ ملکی معیشت میں دباؤ کم ہوا ہے اور کاروباری ماحول بہتر ہوا ہے۔
فچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی بحالی مشکل دور اور بلند افراط زر کے بعد ممکن ہوئی ہے، اور حقیقی شرح نمو 2027 تک 3.5 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نجی شعبے کی قرضوں کی طلب میں اضافہ متوقع ہے جبکہ بینکوں کی بڑی سرمایہ کاری حکومتی سکیورٹیز اور ریاستی اداروں کو فراہم کیے گئے قرضوں میں ہے۔
ریٹنگ ایجنسی نے مزید کہا کہ بینکوں کے غیر فعال قرضوں کا تناسب 7.6 فیصد سے کم ہوکر 7.1 فیصد رہ گیا ہے، جو کہ مالیاتی اداروں کی مضبوطی اور بہتر کارکردگی کا اشارہ ہے۔
