سرفراز احمد سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کے اعلان کردہ اسکواڈ پر مطمئن

پاکستانکھیل

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب ہونے والے نئے کھلاڑی ٹیم کے لیے مثبت تبدیلی ثابت ہوں گے۔

ایک نجی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز اور حسین طلعت جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو موقع دینا خوش آئند ہے، یہ فیصلہ ٹیم کے مستقبل کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز ہمیشہ پاکستان کے حق میں رہی ہیں اور اس بار بھی یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کے لیے ایک متوازن اور مضبوط ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ اسکواڈ شاندار کارکردگی دکھائے گا۔ انہوں نے اوپنر فخر زمان کو قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار بیحد اہم ہے۔

اس موقع پر سابق کپتان نے اولمپک گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان نہ صرف کوالیفائی کرے گا بلکہ سونے کا تمغہ بھی جیت سکتا ہے۔

ٹیم میں ایسےفاسٹ بولرز شامل ہیں جو نسیم شاہ کی کمی کو پورا کر سکتے ہیں،سرفراز

واضح رہے کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ 17 رکنی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔