گلگت میں دنیور نالے پر مٹی کا تودہ گرنے سے 7 رضاکار جاں بحق
گلگت: دنیور نالے میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 7 مقامی رضاکار ملبے تلے دب کر جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ ان پر گر گیا، جس کے باعث متعدد افراد دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں شریک ہوئے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد مقامی رضاکار تھے، جبکہ زخمیوں میں سے 3 کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد علاقے کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
آج سے موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق حالیہ دنوں میں گلیشیئر پگھلنے اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث علاقے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ شیشپر نالے میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد آنے والے سیلاب نے قریبی زمینوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دنیور نالے میں امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے قراقرم ہائی وے کو بھی نقصان پہنچا ہے اور شاہراہ ہنزہ بند ہو گئی ہے، تاہم ٹریفک کو متبادل راستے سے نگر کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
