بھارتی ائیر چیف کا بیان جھوٹا اور مضحکہ خیز ہے، دنیا میں بھارت کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے: عرفان صدیقی

اہم خبریںپاکستان

اسلام آباد: سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ کے اس دعوے کو جھوٹا اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے، جس میں انہوں نے مئی میں ہونے والی 4 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کے 5 طیارے گرانے کا ذکر کیا تھا۔

جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارتی ائیر چیف کا بیان بے بنیاد ہے اور اس پر تبصرہ کرنا بھی مشکل ہے۔ ان کے مطابق نریندر مودی نے بھی اپنی ڈیڑھ گھنٹے سے زائد طویل پارلیمانی تقریر میں ایسا کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ "جھوٹے شخص کا حافظہ نہیں ہوتا، شاید بھارتی ائیر چیف سمجھتے ہیں کہ ان کا جھوٹ سچ مان لیا جائے گا۔” عرفان صدیقی کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں انتخابات ہونے والے ہیں، اور اگر بی جے پی وہاں شکست کھا گئی تو اس کی سیاسی پوزیشن مزید کمزور ہو جائے گی۔

عمران خان کی کسی حکومتی یا عسکری شخصیت سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ،عرفان صدیقی

حکومتی سینیٹر نے کہا کہ بی جے پی اس وقت اندرونی اور بیرونی دباؤ میں ہے، راہول گاندھی نے دھاندلی کے شواہد پیش کیے ہیں جو بھارت کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کے سنگین الزامات نے بی جے پی کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر بھی بھارت کو ناکامی کا سامنا ہے اور پہلگام واقعے پر کسی ملک نے بھارتی مؤقف کو تسلیم نہیں کیا۔

نو مئی واقعات کے حوالے سے عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ مقدمات سیاسی نہیں بلکہ جرائم کے ہیں، جن میں سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کی توجہ اس پر ہے کہ سزائیں کس کو ہو رہی ہیں، جبکہ واقعات کا پس منظر پیچھے رہ گیا ہے۔ ان کے مطابق سزا پانے والوں کو اپیل کا حق حاصل ہے، اور اگر بھارت، امریکا یا برطانیہ میں کوئی جماعت ایسا کرتی تو حالات مختلف ہوتے۔