27ویں نیشنل بیس بال چیمپئن شپ: ملتان میں انتظامات مثالی بنانے کا عزم

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزکھیل

ملتان: 32 سال بعد ملتان کو نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہونے پر کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمن خان نے کہا ہے کہ ملتان اپنی مہمان نوازی کے حوالے سے منفرد پہچان رکھتا ہے اور 27ویں نیشنل بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن محمد جمیل کامران سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کوچز ڈاکٹر عدنان مرزا اور ناصر حسین بھی موجود تھے۔

محمد جمیل کامران نے کہا کہ 32 سال کے طویل عرصے بعد ملتان کو نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کی میزبانی ملنا پورے شہر اور کھیلوں سے وابستہ افراد کے لیے باعث فخر ہے۔ پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن اس تاریخی ایونٹ کو کامیاب بنانے اور شریک ٹیموں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے انعقاد میں تعاون کی یقین دہانی پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں اور متعلقہ ایسوسی ایشنز کے باہمی تعاون سے اس ایونٹ کو یادگار بنایا جائے گا۔

اس موقع پر عطاالرحمن خان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آرام دہ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کوشش ہوگی کہ مہمان ٹیموں کو قیام کے دوران تمام ضروری سہولیات میسر ہوں اور ملتان میں ان کا قیام خوشگوار اور یادگار ثابت ہو۔

انہوں نے بتایا کہ انتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے کے لیے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم کے ہمراہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا جائے گا، جہاں چیمپئن شپ کے انعقاد سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

32 سال بعد ملتان میں قومی سطح کے بیس بال ایونٹ کا انعقاد نہ صرف شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا باعث بنے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع ہوگا۔