کپتان کی انفرادی کارکردگی ٹیم کو مثبت پیغام دیتی ہے، صاحبزادہ فرحان

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیاکھیل

راولپنڈی: پاکستان کی T20 کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ قیادت کی ذمہ داری کے ساتھ کپتان کی اپنی انفرادی کارکردگی بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، کیونکہ اس سے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو مثبت پیغام ملتا ہے۔

سری لنکا کے خلاف T20 سیریز سے قبل راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ انہیں کپتانی کا دباؤ ضرور محسوس ہوتا ہے، تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کا تجربہ ہونے کی وجہ سے یہ ذمہ داری ان کے لیے کوئی غیر معمولی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں موجود سینئر کھلاڑی بطور کپتان ان کے لیے معاون ثابت ہوں گے، جبکہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ خود بھی میدان میں آگے بڑھ کر مثال قائم کریں۔

قومی کپتان نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا۔ بڑی یا نسبتاً چھوٹی ٹیم، ہر ایک پر میچ کا دباؤ ہوتا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی مقابلہ آسان نہیں ہوتا۔

صاحبزادہ فرحان کے مطابق موجودہ T20 اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج موجود ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کا ٹاپ آرڈر روایتی محتاط انداز کے بجائے جدید T20 کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق جارحانہ اور مثبت رویہ اختیار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹاپ آرڈر میں دائیں اور بائیں ہاتھ کے بیٹرز کا امتزاج موجود ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ بیٹنگ یونٹ شروع ہی سے T20 مائنڈ سیٹ کے ساتھ میدان میں اترے۔

aسکواڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری ہے اور جو 15 رکنی اسکواڈ انہیں دیا گیا ہے وہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ پاکستانی کنڈیشنز میں 2 اسپنرز اور 3 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا امکان ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان کے حوالے سے قومی کپتان نے کہا کہ دونوں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور کسی بھی وقت T20 کرکٹ میں واپس آ سکتے ہیں، تاہم موجودہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں پر انہیں مکمل اعتماد ہے۔ صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ مستقبل کی کپتانی کے بارے میں نہیں سوچ رہے بلکہ جب تک یہ ذمہ داری ان کے پاس ہے، پوری توجہ پاکستان کو میچز جتوانے پر مرکوز رہے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل T20 سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ اگلے دونوں میچز 11 اور 13 اکتوبر کو اسی مقام پر ہوں گے۔ تینوں میچز شام 6 بجے شروع ہوں گے۔

#صاحبزادہ_فرحان #پاکستان_کرکٹ #T20سیریز #پاکستان_بمقابلہ_سری_لنکا #راولپنڈی