چین کا انوکھا گولڈ اے ٹی ایم: سونا ڈالیں، کیش نکالیں
شنگھائی میں متعارف کرایا گیا ہے دنیا کا پہلا گولڈ اے ٹی ایم، جو کسی بھی عام اے ٹی ایم مشین سے بالکل مختلف ہے۔ اس مشین میں آپ اپنا پرانا سونا ڈالیں، چاہے وہ ٹوٹی ہوئی چین ہو یا پرانی انگوٹھی، اور مشین اس سونے کو پگھلا کر، اس کی صفائی، خالص پن اور وزن کی جانچ کر کے صرف 30 منٹ کے اندر اندر اس کی قیمت براہ راست آپ کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دیتی ہے۔
یہ انوکھا نظام چین کے کنگ ہڈ گروپ نے متعارف کرایا ہے اور اسے اس قدر پذیرائی ملی ہے کہ مشین پر فروخت کے لیے اپوائنٹمنٹس مئی تک مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں۔ مشین صرف وہی سونا قبول کرتی ہے جو کم از کم 3 گرام ہو اور اس کی خالصیت 50 فیصد یا اس سے زیادہ ہو۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پورے عمل میں کسی قسم کی شناختی دستاویز یا کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ صارفین مشین کے ذریعے مکمل خودکار عمل سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور چند منٹوں میں اپنا پرانا زیور کیش میں تبدیل کر لیتے ہیں۔
سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد یہ مشین ان افراد کے لیے نعمت بن چکی ہے جو فوری طور پر اپنا سونا بیچ کر نقد رقم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ گولڈ اے ٹی ایم نہ صرف چین میں، بلکہ پوری دنیا میں انوکھی ٹیکنالوجی اور اسمارٹ بینکنگ کا نیا معیار بن کر ابھرا ہے۔
