اب سگنل کی فکر نہیں، موبائل فون براہِ راست سیٹلائٹ سے جڑیں گے، سٹارلنک کی انقلابی سروس متعارف

سائنس ٹیکنالوجیسائنس ٹیکنالوجی

اسپیس ایکس کی ذیلی کمپنی Starlink نے ایک زبردست سروس کا اعلان کیا ہے جس کا نام ہے "Direct to Cell”۔ یہ ٹیکنالوجی آپ کے موبائل فون کو براہِ راست سیٹلائٹ سے جوڑتی ہے، بغیر کسی اضافی ڈیوائس یا اینٹینا کے۔

یہ کیسے ممکن ہوا؟
فلوریڈا کے ناسا کینیڈی اسپیس سینٹر سے Falcon 9 راکٹ کے ذریعے خلا میں 21 سیٹلائٹس بھیجی گئیں، جن میں 13 سیٹلائٹس "Direct to Cell” ٹیکنالوجی سے لیس تھیں۔ ان سیٹلائٹس میں eNodeB موڈیم نصب ہے جو خلا میں ایک موبائل ٹاور کی طرح کام کرتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کسی جنگل، پہاڑ، صحرا یا دور دراز علاقے میں بھی موجود ہوں جہاں موبائل سگنل کا تصور بھی ممکن نہ ہو، تب بھی آپ اپنے فون سے کال یا میسج کر سکیں گے۔
یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسے آپ بیرونِ ملک جا کر کسی دوسرے نیٹ ورک سے کنیکٹ ہو جاتے ہیں، بس فرق صرف یہ ہے کہ یہ نیٹ ورک زمین کی بجائے خلا میں موجود ہوگا۔

کون سے فونز سپورٹڈ ہوں گے؟
فی الحال یہ سروس ان صارفین کے لیے متعارف کی جا رہی ہے جو امریکہ میں T-Mobile نیٹ ورک استعمال کر رہے ہیں، اور جن کے پاس درج ذیل ماڈل کے فونز موجود ہیں:

iPhone 14 یا اس کے بعد کے ماڈلز

Samsung Galaxy S23

Google Pixel 9

کیا یہ سروس مفت ہوگی؟
ابھی Starlink کی جانب سے قیمت کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا، تاہم یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک کمرشل سروس ہوگی — یعنی خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں یا ایڈونچر کے شوقین ہیں۔

اگرچہ یہ سروس ابھی مکمل طور پر لانچ نہیں ہوئی، لیکن Starlink کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ اسے مختلف علاقوں میں فعال کیا جائے گا۔ آنے والے دنوں میں ہم ایک ایسے دور میں داخل ہوں گے جہاں موبائل سروس کے لیے زمین پر ٹاورز کی ضرورت باقی نہیں رہے گی — بس خلا کافی ہوگا!