ابراہیم علی خان کی پہلی فلم ’نادانیاں‘ دادی شرمیلا ٹیگور کو متاثر نہ کر سکی

انٹرٹینمنٹفلم اور سنیما

بالی ووڈ کے نووارد اداکار ابراہیم علی خان کی پہلی فلم ’نادانیاں‘ نہ صرف شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی، بلکہ ان کی دادی اور سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو بھی متاثر نہ کر سکی۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب انٹرویو میں شرمیلا ٹیگور نے کھل کر رائے دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فلم میں ابراہیم کی محنت اور لگن نظر آئی، تاہم فلم خود کوئی خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا، "کوشش اچھی تھی، مگر فلم متاثرکن نہیں تھی۔”

شرمیلا ٹیگور نے ایمانداری سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر خاندان میں اس طرح کی آرا کھلے عام نہیں دی جاتیں، لیکن اگر سچ بولا جائے تو فلم کی کوالٹی بہتر ہو سکتی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابراہیم اس فلم میں خوبصورت لگے اور ان کی محنت نظر آئی، مگر فلم میں کوئی خاص بات نہیں تھی جو دل کو چھو سکے۔

یاد رہے کہ ابراہیم علی خان اور خوشی کپور کی یہ فلم ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر بھی تنقید کی زد میں آ گئی تھی، اور شائقین نے دونوں نوجوان اداکاروں کی اداکاری کو کمزور قرار دیا تھا۔

فلم ’نادانیاں‘ نہ صرف باکس آفس پر کچھ خاص نہ کر سکی بلکہ ابراہیم علی خان کے کیرئیر کی شروعات کو بھی سوالیہ نشان بنا گئی ہے۔