اکشے کمار کی ‘کیسری 2’ کی خصوصی اسکریننگ، فلم کے دوران موبائل استعمال نہ کرنے کی اپیل

انٹرٹینمنٹفلم اور سنیما

بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار ان دنوں اپنی نئی فلم "کیسری: چیپٹر 2” کی پروموشن میں مصروف ہیں، اور 15 اپریل کو دہلی کے چانکیہ پوری تھیٹر میں فلم کی خصوصی اسکریننگ منعقد کی گئی، جس میں سیاسی، سماجی اور فلمی دنیا کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اسکریننگ کے آغاز پر اکشے کمار نے حاضرین سے درخواست کی کہ فلم دیکھتے وقت وہ موبائل فون کا استعمال نہ کریں۔ اکشے نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "فلم کے مکالمات سننا بہت اہم ہے، اور اس دوران موبائل فون استعمال کرنا فلم کی توہین کے مترادف ہوگا۔”

اس خصوصی تقریب میں اکشے کے ساتھ فلم کے ساتھی اداکار آر مادھون بھی موجود تھے، جبکہ تقریب کی رونق بڑھانے کے لیے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، بی جے پی رکن پارلیمان بنسری سواراج، وزیر منجندر سنگھ سرسا اور انوراگ ٹھاکر بھی شریک ہوئے۔

منجندر سنگھ سرسا نے اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور فلم کو جلیانوالہ باغ کے شہداء کے نام خراجِ تحسین قرار دیا۔

یاد رہے کہ "کیسری: چیپٹر 2” 18 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کی کہانی ایڈووکیٹ سنکرن نائر کی بہادری اور سچ کے لیے جدوجہد کے گرد گھومتی ہے، جو ناظرین کو ایک بار پھر تاریخ کے تلخ باب سے جوڑتی ہے۔