دہشت گردوں کی 10نسلیں بھی بلوچستان یا پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں: آرمی چیف

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں جاری پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی صرف سفیر نہیں، بلکہ پاکستان کی روشنی ہیں جو پوری دنیا پر اثر ڈالتی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے جذبات نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے، اور وہ ان پاکستانیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان میں ان کے لیے محبت اس سے کہیں زیادہ گہری ہے۔

انہوں نے برین ڈرین کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا:

"یہ برین ڈرین نہیں، برین گین ہے — اور اوورسیز پاکستانی اس کا بہترین ثبوت ہیں”۔

قوم، فوج اور پاکستان کی تقدیر: ایک مشترکہ داستان

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ:

“آپ سب نے پاکستان کی کہانی اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچانی ہے، وہ کہانی جو قربانیوں، نظریات اور اعلیٰ تہذیب پر مبنی ہے”۔

بلوچستان سے متعلق گفتگو میں انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ:

"دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان یا پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، کیونکہ بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے”۔

انہوں نے دشمنوں کو واضح پیغام دیا کہ:

"کیا مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے؟ ہرگز نہیں!”

پاکستان کے وسائل، ترقی اور قوم کا عزم

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ:

"اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، ہمیں شکر گزار ہونا چاہیے”
"جب تک عوام اور افواج پاکستان ایک ہیں، ہم ہر چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں”

انہوں نے ترقی کے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا:

"سوال یہ نہیں کہ پاکستان نے کب ترقی کرنی ہے، بلکہ یہ ہے کہ پاکستان نے کتنی تیزی سے ترقی کرنی ہے”

یہ بھی پڑھیں: پاکستان عالمی معدنی معیشت کا ابھرتا ہوا رہنما ہے، آرمی چیف

قومی یکجہتی اور شہداء کا احترام

جنرل عاصم منیر نے قوم کی افواج اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:

"قوم اپنے شہداء کو عزت اور وقار کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں”

کشمیر اور غزہ سے وابستگی

انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا:

"کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا”
"پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے”

خطاب کا اختتام: عزم اور نعرہ

اپنے ولولہ انگیز خطاب کے اختتام پر آرمی چیف نے کہا:

 

"آپ کا تعلق ایک عظیم اور طاقتور ملک سے ہے، اپنا سر ہمیشہ فخر سے بلند رکھیں”
اور کنونشن کے شرکاء کے ساتھ مل کر نعرہ لگایا: "پاکستان ہمیشہ زندہ باد!”