لیبیا کے قریب کشتی حادثہ، 4 پاکستانیوں سمیت 11 تارکین وطن جاں بحق
طرابلس / اسلام آباد:مشرقی لیبیا کے ساحل کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 4 پاکستانیوں سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق جاں بحق پاکستانیوں میں 3 افراد کا تعلق منڈی بہاالدین جبکہ ایک کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے عمل میں پاکستانی حکام لیبیا سے رابطے میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ کشتی لیبیا سے غیر قانونی طریقے سے یونان جانے کی کوشش کر رہی تھی، جب یہ حادثہ 12 اور 13 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 11 لاشیں سمندر سے نکال لیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق
تارکین وطن کے اس خطرناک سفر کا مقصد بہتر معاشی مستقبل کی تلاش بتایا جا رہا ہے، تاہم ہر سال درجنوں افراد اسی کوشش میں اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں۔
ایف آئی اے نے اس سانحے کے بعد انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں سے رابطے اور معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
