ملتان چلڈرن کمپلیکس میں کینسر کے بچوں کے لیے مفت کیموتھراپی ڈے کیئر سینٹر قائم

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزویڈیوز

روزانہ 25 سے 30 بچوں کو کیموتھراپی کی سہولت، مریضوں کو ہسپتال میں داخلے کے بغیر علاج کی سہولت میسر

ملتان : ملتان کے چلڈرن کمپلیکس ہسپتال میں کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں کے علاج کی سہولیات میں اہم اضافہ کرتے ہوئے خصوصی ڈے کیئر سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جہاں بچوں کو مفت کیموتھراپی کی ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔

ہیڈ آف انسٹی ٹیوشن فیصل قاسم چشتی کے مطابق ڈے کیئر سینٹر کا منصوبہ ملتان کے مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ سینٹر کا مقصد ایسے بچوں کو کیموتھراپی کی سہولت فراہم کرنا ہے جنہیں روزانہ دوا لگوانے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

روزانہ 30 تک بچوں کا علاج

نئے ڈے کیئر سینٹر میں اس وقت اوسطاً 25 سے 30 بچوں کو روزانہ کیموتھراپی کی ادویات دی جارہی ہیں۔ بچے اپنی مقررہ دوا لگوانے کے بعد اسی روز گھر واپس جاسکتے ہیں، جس سے طویل عرصے تک ہسپتال میں داخل رہنے کی ضرورت کم ہوگئی ہے۔

یہ سہولت بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے والے بچوں اور ان کے والدین کے لیے اہم قرار دی جارہی ہے، کیونکہ انہیں ہر کیموتھراپی کے لیے ہسپتال میں قیام نہیں کرنا پڑے گا۔

جراثیم سے پاک ماحول میں ادویات کی تیاری

سینٹر میں کیموتھراپی کی ادویات کی تیاری کے لیے خصوصی ایسیپٹک روم بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں ادویات کو جراثیم سے پاک ماحول میں تیار کیا جاتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق سینٹر میں جدید مشینری کے ساتھ مخصوص طبی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے، جبکہ اس حصے میں بنیادی طور پر وہی بچے اور طبی عملہ موجود رہتا ہے جن کا تعلق کیموتھراپی کے علاج سے ہوتا ہے۔

علاج کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ

بچوں کے علاج کے لیے والدین کو چلڈرن کمپلیکس کے ہیمیٹولوجی آنکولوجی وارڈ سے رجوع کرنا ہوگا، جہاں ڈاکٹرز بچے کے علاج کا مکمل شیڈول اور سائیکل تیار کرتے ہیں۔

ڈاکٹرز کی جانب سے طے کیا جاتا ہے کہ بچے کو کن تاریخوں میں ہسپتال آکر کیموتھراپی کی مخصوص خوراک لگوانی ہوگی۔ علاج مختلف سائیکلز کی صورت میں جاری رہتا ہے اور بعض مریضوں کے لیے یہ عمل 6 سے 8 ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

چلڈرن کمپلیکس میں قائم یہ ڈے کیئر سینٹر کینسر کے مریض بچوں اور ان کے والدین کے لیے علاج کو نسبتاً آسان بنانے کے ساتھ ساتھ مفت اور بروقت طبی سہولت کی فراہمی کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔