ملتان میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا اجرا،گزٹیڈ افسر کی تصدیق لازمی قرار

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزملتانویڈیوز

جائیداد کے قبضے اور قانونی تنازعات سے شہریوں کو تحفظ دینے کا نیا نظام، 1000 درخواستیں موصول، 800 سرٹیفکیٹس جاری

ملتان : پنجاب حکومت کی جانب سے جائیدادوں کے معاملات میں شفافیت لانے اور شہریوں کو قبضے، انتقالات اور قانونی تنازعات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا سلسلہ جاری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملتان حافظ مدثر نواز کے مطابق ضلع ملتان میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے اب تک تقریباً 1000 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 800 سرٹیفکیٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ باقی درخواستوں پر بھی کارروائی جاری ہے جبکہ بعض درخواستیں مختلف وجوہات کی بنا پر مسترد کی گئی ہیں۔

گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کیا ہے؟

حافظ مدثر نواز کے مطابق حکومت پنجاب نے ریونیو نظام میں اصلاحات کے تحت یہ نیا نظام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد کسی جائیداد کے قبضے، ملکیت، انتقال اور زیرِ سماعت قانونی معاملات سے متعلق صورتحال کو زیادہ شفاف بنانا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق کسی پراپرٹی کا گرین سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد اس جائیداد کے حوالے سے موجود ریکارڈ کی جانچ پڑتال مکمل ہوجاتی ہے اور اسے مستقبل میں پیدا ہونے والے تنازعات کے خطرے کو کم کرنے کی ایک اہم دستاویز تصور کیا جاتا ہے۔

گزٹیڈ افسر کی تصدیق شہریوں کیلئے مشکل بن گئی

نئے نظام کے تحت جائیداد پر قبضے کے دعوے کی تصدیق کے لیے گزٹیڈ افسر کی گواہی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس شرط کا مقصد جائیداد سے متعلق دعوے کی کسی ذمہ دار سرکاری افسر کے ذریعے تصدیق کرانا ہے تاکہ مستقبل میں ملکیت یا قبضے کے حوالے سے تنازع پیدا ہونے کے امکانات کم کیے جاسکیں۔

تاہم شہریوں کی جانب سے گزٹیڈ افسر کی تصدیق کی شرط پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر فرد کے لیے گزٹیڈ افسر تک رسائی حاصل کرنا آسان نہیں، جس کے باعث سرٹیفکیٹ کے حصول کے عمل میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

انتظامیہ کا نظام بہتر بنانے کا فیصلہ

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے مطابق گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا نظام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے بعض عملی مشکلات سامنے آرہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور متعلقہ عملے کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز اور شکایات کو بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ساتھ مسلسل شیئر کیا جا رہا ہے تاکہ نظام میں ضروری بہتری لائی جاسکے اور شہریوں کے لیے اس عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔

انتظامیہ کے مطابق گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا بنیادی مقصد جائیداد کے معاملات میں شفافیت، ریکارڈ کی درستگی اور مستقبل کے تنازعات میں کمی لانا ہے۔