ملتان میں جشنِ آزادی کا جوش عروج پر،بڑے جھنڈوں کی دھوم
شاہین مارکیٹ میں 60 فٹ تک کے پاکستانی پرچم فروخت ہونے لگے، 45 ہزار روپے تک کا پرچم بھی فروخت؛ مہنگائی کے باوجود شہریوں کا جذبۂ حب الوطنی برقرار
ملتان : جشنِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی ملتان میں سبز ہلالی پرچموں اور قومی جھنڈیوں کی خریداری میں نمایاں تیزی آگئی ہے۔ شاہین مارکیٹ میں چھوٹے جھنڈوں سے لے کر 60 فٹ تک کے بڑے پاکستانی پرچم شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
شاہین مارکیٹ میں جشنِ آزادی کی تیاریوں کے لیے شہری بڑی تعداد میں خریداری کر رہے ہیں، جبکہ دکانداروں کے مطابق اس سال عوام میں یومِ آزادی کے حوالے سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔
دکاندار کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ صرف بچے ہی نہیں بلکہ بزرگ شہری بھی بھرپور جذبے کے ساتھ پاکستانی پرچم خرید رہے ہیں۔ ملتان کی مختلف کالونیوں، اہم شاہراہوں اور گھنٹہ گھر چوک سمیت دیگر مقامات کو بڑے قومی پرچموں سے سجانے کے لیے شہری بڑی تعداد میں جھنڈے خرید رہے ہیں۔
دکاندار کے مطابق ملتان کے علاوہ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی شہری بڑی تعداد میں شاہین مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں۔
45 ہزار روپے تک کا بڑا پاکستانی پرچم
جھنڈوں کے سائز اور قیمتوں کے حوالے سے دکاندار نے بتایا کہ چھوٹے جھنڈے ہول سیل میں تقریباً 70 سے 100 روپے تک دستیاب ہیں، جبکہ بڑے سائز کے پرچموں کی قیمت 20 ہزار، 25 ہزار، 30 ہزار اور 45 ہزار روپے تک پہنچ رہی ہے۔
مارکیٹ میں 20 فٹ بائی 30 فٹ، 30 فٹ بائی 45 فٹ اور 45 فٹ بائی 60 فٹ تک کے بڑے پاکستانی پرچم دستیاب ہیں۔
دکاندار کے مطابق 45 ہزار روپے مالیت کا سب سے مہنگا پرچم بھی فروخت ہوچکا ہے، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مہنگائی کے باوجود شہری جشنِ آزادی کے لیے بڑے قومی پرچم خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
شہری اپنے گھروں، بازاروں، رہائشی علاقوں اور اہم شاہراہوں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ بازاروں میں بھی جشنِ آزادی کا رنگ نمایاں ہونے لگا ہے۔
دکاندار کا کہنا ہے کہ عوام میں موجود جوش و خروش اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستانی قوم اپنے وطن سے محبت اور جشنِ آزادی کے جذبے کو بھرپور انداز میں زندہ رکھے ہوئے ہے۔
