اسلام آباد: شادی کے گھر میں گیس لیکج دھماکا، جاں بحق ہونیوالے دلہا دلہن سمیت 5 افراد سپرد خاک

پاکستان

اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں گیس لیکج کے دھماکے میں جان کی بازی ہارنے والے 5 افراد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے دولہا شہریار، دلہن مہک اور دولہے کی والدہ سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا جب کہ دو افراد کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

حادثے میں کل 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے جن میں سے 9 افراد کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک گھر کے پڑوس میں ہوا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ زور دار دھماکے سے چار گھر تباہ اور شادی کی خوشی غم میں بدل گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق دھماکہ اتوار کی صبح 7 بج کر 20 منٹ پر ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے۔