ظہران ممدانی نے نیویارک کے پہلے مسلمان میئر کی حیثیت سے حلف سنبھال لیا
نیویارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، جس کے ساتھ ہی وہ شہر کی تاریخ کے پہلے مسلمان میئر بن گئے۔
حلف برداری کی تقریب نیویارک میں منعقد ہوئی جہاں ظہران ممدانی نے قرآنِ پاک پر ہاتھ رکھ کر میئر کے عہدے کا حلف لیا۔ وہ نیویارک کے 111ویں میئر ہیں۔
تقریب کے دوران نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے سٹی ہال کے نیچے واقع ایک تاریخی سابق سب وے اسٹیشن میں ان سے حلف لیا، جو اس تقریب کو ایک منفرد حیثیت دیتا ہے۔
حلف اٹھانے کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے عوام کی خدمت کا موقع ملنا ان کے لیے زندگی کا ایک بڑا اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ رہنما ظہران ممدانی نے میئر کے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انتخابی نتائج کے مطابق انہوں نے 49.6 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدِمقابل سابق گورنر اینڈریو کومو 41.6 فیصد ووٹ لے سکے۔
ظہران ممدانی کی کامیابی کو نیویارک کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو شہر کے تنوع اور جمہوری اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔
