نئے سال کا شاندار آغاز، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
سال 2026 کے پہلے کاروباری دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھرپور تیزی دیکھی گئی۔ کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان نمایاں رہا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد واضح طور پر نظر آیا۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 1954 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
تازہ صورتحال کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1954 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 176,008 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی پی ایس ایکس 100 انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا تھا، جس سے مارکیٹ میں مسلسل بہتری کا رجحان ظاہر ہو رہا ہے۔
