وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید مذمت

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے روسی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں، اس نوعیت کے حملے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تشدد کی ہر اُس شکل کو مسترد کرتا ہے جو علاقائی یا عالمی استحکام کو نقصان پہنچائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات قابلِ قبول نہیں، اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد راستہ ہیں۔

واضح رہے کہ روس نے نووگورود ریجن میں صدر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ کو یوکرینی حملے کا نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا ہے، جسے روسی حکام نے ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔ اس واقعے کے بعد روس نے ممکنہ جوابی کارروائی اور امن مذاکرات کے مستقبل پر نظرثانی کا عندیہ دیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے مطابق صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر 91 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون داغے گئے، تاہم روسی دفاعی نظام نے تمام ڈرونز کو مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ حملے کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب روسی صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا، جس میں امریکا کے ساتھ امن کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر امن مذاکرات پر نظرثانی سے بھی آگاہ کیا گیا۔