الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی کامیابی کو برقرار رکھتے ہوئے اس کا نوٹیفکیشن درست قرار دے دیا ہے، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر انتخابی درخواست مسترد کر دی گئی۔
الیکشن ٹربیونل میں نواز شریف کی نمائندگی بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ نے کی، جنہوں نے اپنے دلائل پیش کیے۔ کیس کا فیصلہ ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے سنایا، جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست خارج کر دی گئی۔
یاد رہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف نے 171,024 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو 115,043 ووٹ ملے تھے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا تھا، تاہم عدالت نے ان کی درخواست کو قابلِ قبول نہیں سمجھا۔