بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کا پاکستانی معیشت میں بہتری پر اعتماد، زرمبادلہ ذخائر ریکارڈ سطح پر

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکاروبار

پاکستانی معیشت سے متعلق عالمی سطح پر مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے، جہاں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیاں بھی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہیں۔

انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسیوں گیلپ اور ڈی اینڈ بی کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں معاشی حالات میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے اور صارفین کے اعتماد میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مارچ 2022 کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21.1 بلین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جو معاشی استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ مثبت تبدیلی اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری، حکومتی معاونت اور جامع معاشی اصلاحات کا نتیجہ ہے، جن کے باعث مالی عدم تحفظ میں واضح کمی آئی ہے۔

معاشی اصلاحات کے باعث نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔

معاشی ماہر خاقان نجیب کا کہنا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ 28 سے 30 ماہ کے دوران میکرواکنامک استحکام کا کامیاب سفر طے کیا ہے، بیرونی کھاتے میں درآمدات کے بے قابو اضافے کو روکا گیا اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ماہر معیشت اشفاق تولہ کے مطابق صارفین کے اعتماد میں اضافہ حکومت اور ایس آئی ایف سی کے بروقت اور ٹھوس اقدامات کا براہِ راست نتیجہ ہے، جس سے معیشت کے مستقبل کے حوالے سے مثبت امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔