کیرئیر کی ہر کامیابی دھرم جی سے سیکھا سبق ہے، والد جیسی ہستی کھو دی: سلمان خان آبدیدہ
بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے ایک بار پھر لیجنڈری اداکار دھرمیندر سے اپنی گہری وابستگی اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں والد جیسی شخصیت قرار دے دیا۔
حال ہی میں دھرمیندر کا ذکر کرتے ہوئے سلمان خان جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک باپ جیسی عظیم ہستی کھو دی ہے۔ ان کے بقول دھرم جی نے نہ صرف ان کی شخصیت بلکہ سوچ اور رویے پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔
سلمان خان نے اپنی فنی کامیابیوں کا کریڈٹ بھی دھرمیندر کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں جو کچھ بھی حاصل کیا، وہ دھرم جی کو دیکھ کر اور ان سے سیکھ کر کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں دو شخصیات ایسی ہیں جنہیں وہ ہمیشہ اپنا رہنما مانتے رہے، ایک ان کے والد اور دوسرے دھرمیندر۔ سلمان خان کے مطابق وہ دونوں ہی ان کے لیے رول ماڈل رہے اور انہی سے متاثر ہو کر انہوں نے زندگی کے فیصلے کیے۔
سلمان خان نے دھرمیندر کو ایک غیرمعمولی انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت ہمدرد، حساس اور جذبات کو سمجھنے والے شخص تھے، جن کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکے گی۔
