ٹرمپ کا ایک بار پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریفوں کا اعادہ، پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کا دعویٰ

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اپنے کردار کا ذکر کیا ہے۔

فلوریڈا میں وزیر جنگ اور وزیر بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے اور اس دوران طیارے تباہ ہونے کا حوالہ دیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اب تک دنیا میں آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق اس کشیدگی کے دوران آٹھ طیارے مار گرائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل ایک قابلِ احترام اور باوقار شخصیت ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے خود کہا کہ جنگ رکنے سے ایک کروڑ افراد کی جانیں بچ گئیں۔

امریکی صدر نے اسی پریس کانفرنس میں 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز بنانے کے منصوبے کا اعلان بھی کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا 15 جدید آبدوزیں تیار کر رہا ہے اور آبدوز سازی کے میدان میں امریکا دیگر ممالک سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔ ان کے مطابق چین اور روس سمیت کوئی بھی ملک اس شعبے میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتا، اور یہ آبدوزیں دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کے لیے خوف کی علامت بنیں گی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’’وکٹری‘‘ نامی جہاز امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس منصوبے سے امریکی جہاز سازی کی صنعت کو بھی بحال کیا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنایا جا رہا ہے، بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جو ممالک ایک دو سال قبل امریکا پر ہنستے تھے، آج وہ امریکا کا احترام کرتے ہیں۔