مذاکرات کی بات کرنے والا کوئی بھی لیڈر عمران خان کا ساتھی نہیں، علیمہ خان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں جو بھی رہنما مذاکرات کی بات کر رہا ہے، اس کا بانی پی ٹی آئی یا ان کی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق اپنا پیغام خیبر پختونخوا کی قیادت تک پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی دو روزہ کانفرنس کے اعلامیے سے متعلق کوئی معلومات نہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے گزشتہ برس 22 نومبر کو پُرامن احتجاج کی اپیل کی تھی، تاہم ان پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام عوام تک پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بے بنیاد اور من گھڑت ہے، جبکہ عمران خان نے پرسوں بھی پیغام دیا ہے کہ وہ قوم کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان کو 11 کتابیں بھجوائی گئی تھیں، جن میں سے جج کے مطابق 9 کتابیں ان تک پہنچ چکی ہیں۔
