وزیراعظم شہباز شریف کا پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دے دی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے رفقا کی جانب سے مذاکرات کی بات سامنے آ رہی ہے، جبکہ وہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے اسمبلی کے فلور پر بھی پی ٹی آئی کو بات چیت کی پیشکش کی تھی اور اب ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ صرف جائز مطالبات پر ہی بات چیت ممکن ہے اور مذاکرات کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق ملک کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
