ایران کے تاریخی شہر شیراز میں 43ویں فجر فلم فیسٹیول میں پاکستان کی بھرپور ثقافتی نمائندگی کی گئی۔
وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور معروف پاکستانی فلم سازوں کے ہمراہ تقریبات میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی پڑوسی ہیں اور ہمارے درمیان مضبوط سماجی، ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے سنیما کو کسی بھی ملک کی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا۔
فیسٹیول میں پہلی بار تین پاکستانی فلموں کی نمائش کی گئی جنہیں شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔ وزیر نے فیسٹیول کے تمام پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پاکستان پویلین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایرانی سنیما فاؤنڈیشن کے چیئرمین سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر نے ایرانی عہدیدار کو پاکستان آنے کی دعوت دی اور مشترکہ سنیما منصوبوں پر بات چیت کی۔ انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی اور مضبوطی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان سینما کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ایرانی فلموں کی نمائش اور ایران میں پاکستانی فلموں کی نمائش سے لوگوں کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ پاکستانی سفارتخانے نے کہا کہ فجر فلم فیسٹیول میں پاکستان کی شرکت دوطرفہ ثقافتی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔