امبر ہرڈ نام بدلنے کے بعد کیسی زندگی گزار رہی ہیں؟

انٹرٹینمنٹ

امریکی اداکارہ امبر ہرڈ سابق شوہر جانی ڈیپ کے ساتھ 2022ء میں ہونے والی انتہائی مشہور قانونی جنگ اور 2025ء میں جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد ہالی ووڈ سے دور اسپین میں نئی زندگی گزار رہی ہیں۔

امبر ہرڈ نے قانونی تنازع کے دوران جانی ڈیپ پر گھریلو تشدد اور جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے تاہم وہ یہ مقدمہ ہار گئی تھیں۔

اس کے بعد انہوں نے کیلیفورنیا میں اپنا گھر فروخت کیا اور اسپین کے دارالحکومت میڈریڈ منتقل ہو گئیں تاکہ پُرسکون زندگی گزار سکیں۔

40 سالہ اداکارہ نے گزشتہ سال جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا، چند برسوں کے دوران امبر ہرڈ نے خو کو میڈیا کی توجہ سے بڑی حد تک دور رکھا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امبر ہرڈ نجی زندگی برقرار رکھنے کے لیے ’مارتھا جین کینری‘ نام کا استعمال کر رہی ہیں۔

حال ہی میں امبر ہرڈ نے اپنی نئی زندگی کی ایک جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

انہوں نے اسپین کے شمالی ساحلی شہر سین سیبسٹیان میں اپنی پہلی ہاف میراتھن مکمل کی جس میں انہوں نے 21 کلومیٹر کا فاصلہ 1 گھنٹہ 39 منٹ میں طے کیا۔

امبر ہرڈ اسپین میں اپنے 3 بچوں اونا پیج، جڑواں بچوں ایگنس اور اوشن کے ساتھ رہ رہی ہیں۔

ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر گھر میں کھانا پکانے، یوگا، دوڑ اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کی جھلکیاں نمایاں ہیں۔