پی سی بی کا لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کرانے کا اعلان

کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 7 دسمبر کو لندن میں پی ایس ایل کا روڈ شو کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق اس روڈ شو میں عالمی سرمایہ کاروں، تجارتی شراکت داروں اور شائقین کی شرکت متوقع ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کو فروخت کرنے کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں اور برطانوی سرمایہ کار ان نئی ٹیموں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

لندن روڈ شو کا مقصد لیگ کے وژن، تجارتی ماڈل اور مستقبل کی حکمت عملی کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی بھی ایونٹ میں شرکت کا امکان ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لارڈز میں ہونے والا روڈ شو پاکستان کرکٹ کی عالمی پہچان کا ثبوت ہے، لندن روڈ شو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بین الاقوامی اپیل کو مزید فروغ دے گا۔

دوسری جانب سی ای او ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستانی لیگ کی عالمی فالوونگ اور مضبوط تجارتی قدر ہے، دو نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع پیدا ہوں گے۔

30 سپر شائقین کو خصوصی تقریب میں شرکت کا موقع دیا جائے گا اور ٹکٹس حاصل کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا شمار دنیا کی تیز ترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں ہوتا ہے۔