پانچ دن سے لاپتا آسٹریا کی خوبصورت انفلوئینسراسٹیفنی پیپر کی لاش سلووینیا کے جنگل سے ملی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ سٹیفنی پیپر ہالیڈے پارٹی کے بعد سے لاپتہ تھی اور ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری تھیں۔
اس واقعے کے پانچ روز بعد سٹیفنی پیپر کی لاش ہمسایہ ملک سلووینیا کے ایک جنگل میں سوٹ کیس سے ملی جس سے دونوں ممالک میں سنسنی پھیل گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسے آخری بار ہالیڈے پارٹی میں دیکھا گیا تھا، اس رات اس نے اپنے دوستوں کو میسج کیا تھا کہ ‘سیڑھیوں پر ایک عجیب آدمی ہے، ایک سیاہ سایہ ہے’۔ اس سے یہ خدشات بڑھ گئے کہ شاید کوئی اس کی پیروی کر رہا ہے۔
آسٹریا کے میڈیا کے مطابق سٹیفنی پیپر کے سابق بوائے فرینڈ کو تفتیش کے بعد گرفتار کیا گیا جس نے سٹیفنی کا گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کیا اور پولیس کو لاش کی جگہ سے بھی آگاہ کیا۔
حکام کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم اپنی گاڑی میں کئی بار سلووینیا گیا تھا اور کچھ دنوں سے لاپتہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیفنی پیپر سلووینیا کی سرحد کے قریب آسٹریا کے شہر گریز میں رہتی تھیں۔ وہ ملک کی ایک مشہور بیوٹی انفلوسر اور میک اپ آرٹسٹ تھیں۔ ان کے انسٹاگرام بائیو کے مطابق، وہ ایک گلوکارہ بھی تھیں۔ وہ میک اپ لکس، پروڈکٹ ریویوز اور بیوٹی ٹپس سے متعلق مواد بناتی تھیں۔