وزیر خزانہ کا اعلان: شرح سود میں جلد کمی اور بجلی مزید سستی ہوگی
اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ شرح سود میں جلد مزید کمی کی جائے گی اور بجلی کے نرخ بھی کم ہوں گے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں کو تسلیم کر رہے ہیں اور ایک تیسری عالمی ریٹنگ بھی جلد مثبت رپورٹ دے گی۔ ان کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے اور مزید کمی کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو دیے جانے والے قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو وقت کے ساتھ بہتر ہوگا۔ سرکاری اداروں کی نجکاری تیزی سے جاری ہے اور حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ زرعی آمدنی کو پہلی بار ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔
حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کے امکانات بڑھ گئے
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے اشاریے مثبت ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کا مقصد ترقی ہے، پانڈا بانڈ کا اجرا اس سال کے آخر میں کیا جائے گا اور چین کے ساتھ بھی معاہدے ہو رہے ہیں۔ گیلپ سروے کے مطابق کاروباری برادری کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور مستقبل میں مزید بہتری کی توقع ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کاروباری طبقے کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک کے تمام چیمبرز سے رابطے جاری ہیں اور کاروبار سے متعلق جائز خدشات کو دور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں پہلے ہی کمی کی گئی ہے اور مزید کمی کی امید ہے۔
