بلاول بھٹو نے وفاق سے نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا
بلاول بھٹو نے وفاق سے نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلی بار حیدرآباد کو تیزی سے ترقی کرتے دیکھ رہا ہوں، رنگ روڈ سمیت متعدد منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں ائیرپورٹ بھی بنایا جائے اور وزیراعظم کو یہ تحفہ دینے کی تجویز دی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 26ویں ترمیم پر حاصل کردہ تاریخی کامیابی دائمی ہے اور 27ویں ترمیم کے حوالے سے گفتگو محض فرضی ہے کیونکہ حکومت کی طرف سے اب تک اس بارے میں ہم سے رابطہ نہیں کیا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیشنل فنانس کمیشن کا فوری اجلاس بلا کر نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کیا جائے، کیونکہ صوبائی حکومتوں کو نئی ذمہ داریاں سونپی جا چکی ہیں لیکن این ایف سی ایوارڈ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
طالبان کی وعدہ خلافیاں خطے کے لیے خطرہ بن چکی ہیں: بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے واضح کیا کہ وفاق اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر ڈالنے کی کوشش نہ کرے، ایف بی آر کی ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکامی وفاقی حکومت اور ایف بی آر انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، صوبوں کا اس میں کوئی قصور نہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو جو اختیارات اور ذمہ داریاں دی گئی ہیں، ان کے ساتھ وسائل کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
