ایشیا کپ 2025: بھارتی ٹیم کی سلیکشن نے بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا
ایشیا کپ 2025 سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سلیکٹرز اور مینجمنٹ ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے مشکل فیصلوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسکواڈ کا اعلان 19 یا 20 اگست کو متوقع ہے، تاہم اس سے پہلے تمام کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ اسکواڈ میں کئی نام زیر غور ہیں، مگر یشسوی جیسوال، سئی سدھرسن اور کے ایل راہول ایونٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن کی ٹیم میں شمولیت تقریباً یقینی ہے، جبکہ شبمن گل کی شرکت پر تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔ شبمن گل کو ان کی فارم کے باعث ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
افغان کرکٹ ٹیم کا ابتدائی اسکواڈ جاری، ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کی تیاریاں شروع
تیز گیند باز جسپریت بمرا کی واپسی بھی مکمل فٹنس سے مشروط رکھی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹاپ آرڈر میں مسلسل بہتر پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کی دستیابی نے سلیکشن کمیٹی کے لیے انتخاب مزید مشکل بنا دیا ہے۔ سلیکٹرز کا ہدف ایونٹ کے لیے مضبوط ترین اسکواڈ تیار کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، جہاں گروپ اے میں بھارت، پاکستان، عمان اور یو اے ای شامل ہیں۔
