ژوب میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنۃ الہندوستان کے مزید 3 دہشت گرد ہلاک، 4 روز میں تعداد 50 ہوگئی

پاکستانتازہ ترین

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب کیے گئے تازہ آپریشن میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 7 اگست سے 9 اگست کے دوران اسی علاقے میں کیے گئے آپریشنز میں 47 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ اس طرح چار دن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی ہے۔

بھاری اسلحہ و بارود برآمد، ملک دشمن منصوبہ ناکام

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جو کہ پاکستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کا حصہ تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع، امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

قومی قیادت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سمیت ملک کی اعلیٰ قیادت نے ژوب میں ہونے والے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا:

"پاکستان کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔”

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا: "افواجِ پاکستان شب و روز وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں مصروف ہیں، پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔”

پاک افغان سرحد کے ساتھ سیکیورٹی کلئیرنس آپریشن، بھارتی سرپرست یافتہ 14 خوارج ہلاک

وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ کا بھی ردعمل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن میں مزید تین دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:

"بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ فورسز نے فتنہ پھیلانے کی گھناؤنی سازش ناکام بنائی۔”

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی سیکیورٹی اداروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا:

"سیکیورٹی فورسز نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے پر ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔”

وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ 7 اگست سے جاری آپریشنز میں 50 خوارج ہلاک کیے گئے۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ پر فورسز کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔