کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے پر دوبارہ فائرنگ، بشنوئی گینگ کا اگلا ہدف کیا ہے؟

انٹرٹینمنٹ

معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار کپل شرما کے کیفے پر کینیڈا میں ایک ماہ میں دوسرا بڑا حملہ ہوا ہے جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کرتے ہوئے مزید کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔

کپل شرما کے کیپس کیفے میں فائرنگ کا واقعہ صبح 4 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔ نامعلوم حملہ آوروں نے چلتی گاڑی سے 25 گولیاں چلائیں۔ خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانئ نقصان نہیں ہوا تاہم کیفے کی کھڑکیوں اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

کپل شرما اور ان کی اہلیہ کا یہ کیفے برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں واقع ہے جس کا افتتاح چند ہفتے قبل ہوا تھا۔ کیفے پر پہلا حملہ 10 جولائی کو ہوا، جب کیفے میں عملہ موجود تھا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو خطرناک گینگسٹرز گرپریت سنگھ عرف گولڈی ڈھلن اور لارنس بشنوئی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں گولڈی ڈھلون نے کہا کہ آج کپل شرما کے کیپس کیفے میں جو حملہ ہوا ہے اس کی ذمہ داری گولڈی ڈھلوں اور لارنس بشنوئی گینگ لیتے ہیں ۔ ہم نے انہیں فون کیا لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا، اس لیے ہمیں ایکشن لینا پڑا۔ اگر وہ اب بھی فون نہیں اٹھاتے ہیں تو جلد ہی ممبئی میں اگلی کارروائی کی جائے گی۔

اس واقعے کی ایک مبینہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔