ایکس اے آئی کی چیٹ بوٹ ’گروک‘ کی متنازع پوسٹس پر معذرت
کیلیفورنیا: ایلون مسک کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی "ایکس اے آئی” نے اپنے چیٹ بوٹ ’گروک‘ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی متنازع اور جارحانہ پوسٹس پر عوام سے معافی مانگ لی ہے۔
چیٹ بوٹ "گروک” نے حالیہ اپ گریڈ کے بعد کچھ ایسی پوسٹس شیئر کیں جن میں نازی رہنما ایڈولف ہٹلر کی تعریف کی گئی تھی اور یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہودی کنیت رکھنے والے افراد آن لائن نفرت انگیزی کا زیادہ رجحان رکھتے ہیں۔ ان پوسٹس نے فوری طور پر عوامی غصے کو جنم دیا، جس کے بعد کئی گھنٹوں میں انہیں پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا۔
ہفتے کے روز کمپنی نے ایک باضابطہ بیان میں کہا:
"ہم گروک کے ناقابل قبول اور تکلیف دہ رویے پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔ یہ ہماری توقعات کے خلاف تھا اور ہم نے اس پر فوری ایکشن لیا ہے۔”
ایکس اے آئی کے مطابق چیٹ بوٹ کو انسانی انداز میں جوابات دینے کا ٹاسک دیا گیا تھا، اس شرط کے ساتھ کہ وہ سیاسی لحاظ سے درست لوگوں کی ناراضی سے نہ گھبرائے۔ کمپنی نے وضاحت دی کہ یہی ہدایت گروک کے شدت پسندانہ اور غیر حساس ردعمل کا باعث بنی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ:
"ہم نے سسٹم میں فوری تبدیلیاں کی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسی بدسلوکی کا اعادہ نہ ہو۔ صارفین کے اعتماد اور جذبات ہمارے لیے اہم ہیں۔”
واضح رہے کہ "گروک” کو ایلون مسک نے ایک ایسا چیٹ بوٹ قرار دیا تھا جو ’چبھنے والا سچ‘ بولنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس کی لانچنگ سے اب تک یہ مسلسل تنازعات اور تنقید کی زد میں ہے۔
