ملتان ڈویژن کی نہروں کے کناروں پر سایہ دار درخت لگانے کا فیصلہ

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزملتان

ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز پنجاب وژن کے تحت ملتان ڈویژن کی نہروں کے کناروں پر بڑے اور سایہ دار درخت لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے متعلقہ محکموں کو نہر وار، ضلع وار اور تحصیل وار شجرکاری منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ملتان ڈویژن کی نہروں کے اطراف شجرکاری کے امکانات، دستیاب اراضی، درختوں کی موزوں اقسام اور پودوں کی دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ انہار، محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔

کمشنر نے کہا کہ نہروں کے کناروں پر شجرکاری سے ماحول کو بہتر بنانے، سرسبز مقامات میں اضافہ کرنے اور قدرتی خوبصورتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس مقصد کے لیے ایسے اہداف مقرر کیے جائیں جو زمینی حقائق کے مطابق ہوں اور جن پر مؤثر انداز میں عملدرآمد بھی ممکن ہو۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ابتدائی مرحلے میں نہروں کے بیرونی کناروں اور دستیاب سرکاری اراضی کو شجرکاری کے لیے ترجیح دی جائے۔ نہروں کے اندرونی کناروں پر درخت لگانے سے پہلے تکنیکی تقاضوں اور نہری نظام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ پانی کی روانی، نہروں کی مرمت، صفائی اور بھاری مشینری کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔

کمشنر نے متعلقہ حکام کو نہروں کے اطراف سرکاری اراضی پر موجود تجاوزات کی نشاندہی اور شجرکاری کے لیے دستیاب جگہوں کی تفصیلات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں نہروں کے ساتھ نجی اراضی موجود ہے، وہاں زمینداروں اور زمین مالکان کو بھی شجرکاری مہم میں شریک کیا جائے۔ اس سلسلے میں محکمہ انہار کے ذریعے صوبائی حکومت کو مناسب تجاویز بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ انہار کے افسران نے مختلف نہروں کے کناروں پر دستیاب جگہوں اور شجرکاری سے متعلق تکنیکی امور پر روشنی ڈالی، جبکہ محکمہ جنگلات کے حکام نے جاری شجرکاری اسکیموں، مجوزہ اہداف اور پودوں کی نگہداشت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

[ST-POSTER]
پٹی: شجرکاری منصوبہ
سرخی: ملتان ڈویژن کی نہروں کے کناروں پر
*سایہ دار درخت* لگانے کا
فیصلہ ،نہروار ایکشن پلان طلب
[/ST-POSTER]