ملتان میں مشتبہ ڈیوائس دھماکا، خاتون اور 13 سالہ لڑکا جاں بحق
ملتان: سیتل ماڑی کے علاقے نیک ٹاؤن میں گھر کے کمرے میں مشتبہ ڈیوائس پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں خاتون اور 13 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصرت بی بی اور محمد انس کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈیوائس دھماکا؟ کی اہم تفصیلات اور پس منظر
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد کمرے میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون اور لڑکا جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائی کرتے ہوئے لاشیں نکال لی گئیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق محمد انس کو گھر کے باہر سے ٹائم بم جیسی ایک مشتبہ ڈیوائس ملی تھی، جسے وہ گھر لے آیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈیوائس سے ٹائمر کی آواز آتی رہی، جو بعد ازاں دھماکے سے پھٹ گئی، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والی نصرت بی بی اور محمد انس، سینئر صحافی حافظ سرفراز علی انصاری کے قریبی رشتہ دار، بھابھی اور بھتیجا بتائے جاتے ہیں۔
ترجمان ملتان پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کی وجہ مشتبہ چیز کا پھٹنا معلوم ہوئی ہے، تاہم واقعے کی اصل نوعیت جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
