واٹس ایپ کو ٹکر دینے کی تیاری: بٹ چیٹ میسجنگ ایپ متعارف

سائنس ٹیکنالوجی

سان فرانسسکو : ٹوئٹر کے شریک بانی اور "بلاک” کمپنی کے سی ای او جیک ڈورسی نے واٹس ایپ کے متبادل کے طور پر ایک نئی اور انقلابی میسجنگ ایپ "بٹ چیٹ” (BitChat) متعارف کرا دی ہے، جو ڈی سینٹرلائزڈ ٹیکنالوجی اور بلیوٹوتھ میش نیٹ ورک پر مبنی ہے۔

بٹ چیٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نہ کوئی مرکزی سرور ہے، نہ سائن ان کے لیے فون نمبر یا ای میل کی ضرورت—یعنی مکمل پرائیویسی اور کنٹرول صارف کے ہاتھ میں۔

جیک ڈورسی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ بٹ چیٹ کا بیٹا ورژن ٹیسٹ فلائٹ پر دستیاب ہے، جبکہ اس کا وائٹ پیپر GitHub پر پبلش کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایپ بلیوٹوتھ میش نیٹ ورکس پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ذاتی پیغام رسانی کا ایک نیا تجربہ ہے۔

واٹس ایپ اسٹیٹس میں تین شاندار نئے فیچرز،آپ بھی جانیں

خصوصیات:

  • انٹرنیٹ یا سگنل کے بغیر بھی رابطہ

  • نزدیکی ڈیوائسز سے انکرپٹڈ چیٹ

  • کوئی سرور یا ڈیٹا اسٹوریج نہیں

  • تمام پیغامات مقامی طور پر اسٹور اور خودکار ڈیلیٹ

  • گروپ چیٹس اور رومز کی سہولت

  • مستقبل میں وائی فائی ڈائریکٹ کے ذریعے طویل فاصلے تک رسائی کا فیچر بھی شامل ہوگا۔

بٹ چیٹ ان علاقوں کے لیے بھی مفید ہو سکتی ہے جہاں انٹرنیٹ تک رسائی محدود ہو یا حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا بلاک کیا گیا ہو۔

واضح رہے کہ جیک ڈورسی اس سے قبل بلو اسکائی نامی ڈی سینٹرلائزڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارم بھی لانچ کر چکے ہیں، جس سے وہ بعد ازاں الگ ہو گئے تھے۔