9اور10محرم کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لاہور: پنجاب میں 9 اور 10 محرم کے دوران طوفانی بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق، صوبے کے مختلف اضلاع میں 5 جولائی سے موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جو محرم الحرام کے اہم ایام میں شدت اختیار کر سکتی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے جلوسوں کی انتظامیہ اور شہریوں کو پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جلوسوں کے دوران بجلی کے کھمبوں اور ننگی تاروں سے دوری اختیار کی جائے اور خستہ حال چھتوں پر مجالس کے انعقاد سے اجتناب کیا جائے۔

وفاقی حکومت نے محرم کے 9 اور 10 تاریخ کوتعطیلات کا اعلان کر دیا

ترجمان کے مطابق، دریاؤں، برساتی نالوں اور پلوں کی کراسنگ میں احتیاط برتی جائے، خاص طور پر ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو 9 اور 10 محرم کے دوران ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ دنوں میں مزید اپڈیٹس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔