5 کروڑ روپے تک کے کیسز میں عدالتی وارنٹ کے بغیر گرفتاری نہیں ہوگی: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کے اختیارات پر نظرثانی کی گئی ہے، اور اب 5 کروڑ روپے تک کے کیسز میں عدالتی وارنٹ کے بغیر کسی کی گرفتاری نہیں ہوسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ 75 سال سے زائد عمر کے افراد کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے، جبکہ ایک کروڑ سے زائد پنشن پر ٹیکس لاگو ہوگا۔ 15 سال تک ذاتی رہائش پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد نہیں ہوگا، البتہ حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری پر 20 فیصد ٹیکس ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے تسلیم کیا کہ تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی بوجھ تلے دبا ہوا ہے، اس لیے 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر ٹیکس کم کر کے ایک فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس پر ٹیکس کو سادہ بنانے کے لیے آسان نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ اس شعبے پر بوجھ نہ پڑے، جبکہ گریجویٹی پر کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوگا اور نجی شعبے کو مزید قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر کے افسران کو دیے گئے اختیارات پر نظرثانی کی گئی ہے، اور اب گرفتاری کا فیصلہ ایف بی آر کی تین رکنی کمیٹی کرے گی تاکہ شفافیت برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری ماحول میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صنعتی پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی، اور مالی اخراجات کو کم کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ صرف وہی ڈیم منصوبے جاری رکھے جائیں گے جو پہلے سے منظور ہوچکے ہیں تاکہ وسائل کا ضیاع نہ ہو۔