بھارت سندھ طاس معاہدے پر عمل نہ کرے تو پاکستان جنگ کرے گا: بلاول بھٹو زرداری

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے دو ٹوک موقف اپنایا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا اور ڈیمز یا نہریں نکالنے کی کوشش کرتا ہے تو پاکستان جنگ کرے گا۔

بلاول بھٹو نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر کہا کہ ہمارے خطے میں نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی موجود ہے، اور ہم نے بھارت کو جنگ، سفارت کاری اور بیانیے کے میدان میں ہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے عوام کے فائدے کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت دونوں کا فائدہ امن میں ہے، لیکن بھارت چاہتا ہے کہ ہماری آئندہ نسلیں پانی پر جھگڑیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی دینا اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بھارت کے لیے دو آپشن ہیں — یا تو وہ سندھ طاس معاہدے کا احترام کرے، اور اگر نہیں کرتا، تو پھر پاکستان جنگ کرے گا اور اپنے حصے کا پانی حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا صدر ثالثی کی پیشکش کر چکا ہے، بھارت اب کشمیر کو اپنا اندرونی معاملہ نہیں کہہ سکتا کیونکہ کشمیر کا مسئلہ دنیا میں بین الاقوامی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔

بجٹ پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم وفاقی بجٹ کی حمایت کرتے ہیں، وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ کے شکر گزار ہیں کہ اس بار پیپلز پارٹی کو بجٹ پر اعتماد میں لیا گیا۔ یہ مثبت پیشرفت ہے، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ خوش آئند ہے لیکن ہم چاہتے تھے اس میں مزید اضافہ ہوتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کئی خواہشات بجٹ میں پوری نہیں ہو سکیں، ہم چاہتے تھے کہ پی ایس ڈی پی میں جنوبی پنجاب کو اس کا مناسب حصہ دیا جائے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو بھی وفاقی فنڈنگ سے مزید سپورٹ کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے بجٹ میں اس پر مشاورت سے بہتر اقدامات کریں گے۔