پہلے لبنان، پھر یمن، اب ایران؛ اگر ہم نہ بولے تو کل ہماری باری ہوگی: بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی اور عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر اس جارحیت پر خاموشی اختیار کی گئی تو اس کے نتائج پورے خطے کو بھگتنا ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے ایران کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی فوجی قیادت کو ان کے گھروں میں نشانہ بنایا گیا، ایرانی سائنسدانوں کو ٹارگٹ کیا گیا اور نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ سب سے بڑی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کے نتیجے میں اخراج ہوتا تو پورے خطے خصوصاً پاکستان پر سنگین اثرات مرتب ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے عراق کے خلاف جھوٹ گھڑا گیا کہ وہاں ویپن آف ماس ڈسٹرکشن ہیں، اب یہی جھوٹ ایران کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پہلے وہ لبنان آئے، پھر یمن گئے اور اب ایران پہنچ چکے ہیں، اگر ہم آج نہ بولے تو کل جب وہ ہم پر آئیں گے تو ہمارے حق میں آواز اٹھانے والا کوئی نہیں ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی حکومت کی جارحیت کو فوری روکا جائے تاکہ خطے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔
