پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ایک ارب ڈالر کا مالیاتی معاہدہ طے پا گیا
اسلام آباد – وزارتِ خزانہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جو پاکستان کی معاشی بہتری اور مالیاتی اصلاحات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ پانچ سالہ مدت پر مشتمل ملٹی-ٹرانچ فنانسنگ سہولت ہے، جسے ADB کی پالیسی بیسڈ گارنٹی کی جزوی پشت پناہی حاصل ہے۔ معاہدے میں اسلامی اور روایتی فنانسنگ دونوں شامل ہیں، جن میں 89 فیصد حصہ اسلامی فنانسنگ جبکہ 11 فیصد حصہ روایتی فنانسنگ پر مشتمل ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اس معاہدے سے نہ صرف پاکستان کی عالمی مالیاتی اداروں پر بڑھتی ہوئی ساکھ ظاہر ہوتی ہے، بلکہ یہ مشرق وسطیٰ کے مالیاتی بازاروں میں پاکستان کی تقریباً ساڑھے تین سال بعد واپسی کا بھی اشارہ ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مالی تعاون کی بدولت حکومتِ پاکستان اور خلیجی بینکوں کے درمیان نئے مالیاتی تعلقات کا آغاز ہو رہا ہے، جبکہ ADB کی گارنٹی نے پاکستان کو عالمی منڈیوں میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا ہے۔
