ایران میں موجودہ نظام حکومت کا خاتمہ قریب،عبوری سیٹ اپ آئیگا،رضا پہلوی
واشنگٹن: ایران کے سابق بادشاہ محمد رضا پہلوی کے صاحبزادے اور ولی عہد، رضا پہلوی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور موجودہ نظام حکومت کے خاتمے کی گھڑیاں قریب آ گئی ہیں۔ اُن کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اب ملک پر اپنا اثر و رسوخ کھو چکے ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں رضا پہلوی نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ کے زوال کے بعد کے مرحلے کے لیے ایک مکمل اور مربوط منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام کی تبدیلی کے بعد ابتدائی 100 دن کے لیے ایک عبوری حکومت قائم کی جائے گی، جس کے بعد ایک جمہوری قومی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
رضا پہلوی نے ایران کے فوجی اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ایسے نظام کی حفاظت سے دستبردار ہو جائیں جو عوامی حمایت کھو چکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام اب ایک نئے، شفاف اور نمائندہ نظام کے خواہاں ہیں۔
یہ بیانات اُس وقت سامنے آئے ہیں جب حالیہ ایران-اسرائیل کشیدگی کے دوران رضا پہلوی کی سرگرمیاں سوشل میڈیا پر نمایاں ہوئیں۔ وائرل ویڈیوز میں انہیں مقبوضہ بیت المقدس میں یہودیوں کے مقدس مقام "دیوارِ گریہ” پر دیکھا گیا، جسے بعض حلقے ایران میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
