چیٹ جی پی ٹی ایک سوال کا جواب دینے میں کتنا پانی اور بجلی خرچ کرتا ہے؟
مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس جیسے چیٹ جی پی ٹی دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ استعمال کرتے ہیں، لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا کہ جب آپ کوئی سوال کرتے ہیں تو اس کے جواب میں ماحول پر کتنا بوجھ پڑتا ہے؟
اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے حالیہ ایک بلاگ پوسٹ میں اس اہم سوال کا جواب دیا ہے۔ ان کے مطابق چیٹ جی پی ٹی ایک سوال کا جواب دینے کے دوران اوسطاً 0.000085 گیلن پانی استعمال کرتا ہے، جو کہ تقریباً ایک چائے کے چمچ کے پندرہویں حصے کے برابر ہے۔
اسی طرح، بجلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ہر ایک سوال پر چیٹ جی پی ٹی تقریباً 0.34 واٹ آور بجلی استعمال کرتا ہے۔ یہ مقدار اتنی ہے جتنی بجلی ایک عام اوون ایک سیکنڈ میں یا انرجی سیور بلب چند منٹوں میں خرچ کرتے ہیں۔
نیویارک سب وے میں نوجوان کی چیٹ جی پی ٹی سے رومانوی گفتگو وائرل — تنہائی، AI اور انسانیت پر نئی بحث
اگرچہ سام آلٹمین نے یہ نہیں بتایا کہ یہ اعداد و شمار کس طریقے سے اکٹھے کیے گئے، تاہم جب یہ مدنظر رکھا جائے کہ اوپن اے آئی کے ماہانہ صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے، اور روزانہ لاکھوں کروڑوں سوالات کیے جاتے ہیں، تو مجموعی توانائی اور پانی کے اخراجات خاصے بڑے ہو سکتے ہیں۔
اس سے پہلے اپریل 2025 میں سام آلٹمین نے ایک دلچسپ بات کا انکشاف بھی کیا تھا۔ ایک سوشل میڈیا صارف کے سوال پر کہ "کیا ’پلیز‘ اور ’تھینک یو‘ جیسے الفاظ استعمال کرنے سے بجلی کا خرچہ بڑھتا ہے؟” – آلٹمین نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ ان مہذب الفاظ کی قیمت کمپنی کو "لاکھوں کروڑوں ڈالرز” پڑتی ہے۔
اگرچہ انہوں نے کوئی حتمی مالی تخمینہ فراہم نہیں کیا، لیکن ان کا اشارہ واضح تھا: مہذب انداز گفتگو، چاہے اخلاقی طور پر خوش آئند ہو، مصنوعی ذہانت کے لیے مہنگا بھی پڑ سکتا ہے۔
