ائیر انڈیا حادثہ: دوسرا کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی ملبے سے برآمد

اہم خبریںدنیا

بھارت کے شہر احمد آباد میں پیش آنے والے ائیر انڈیا بوئنگ 787 طیارہ حادثے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اور ملبے سے طیارے کا دوسرا بلیک باکس، یعنی کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی بازیاب کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، لندن جانے والی پرواز AI-171 کے بلیک باکسز اب مکمل طور پر تحقیقاتی حکام کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جن سے حادثے کی وجوہات جاننے میں مدد ملے گی۔ اس سے قبل جمعہ کے روز فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر بھی حادثے کی جگہ سے برآمد کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی معاون پی کے مشرا نے دونوں ریکارڈرز کی بازیابی کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے احمد آباد میں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور سول اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق، فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی مدد سے نہ صرف حادثے کے لمحہ بہ لمحہ حالات کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ پائلٹ اور کنٹرول ٹاور کے درمیان ہونے والی گفتگو کی بنیاد پر ممکنہ تکنیکی یا انسانی غلطیوں کا تعین بھی کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ بھارت کی فضائی تاریخ کے بدترین سانحات میں سے ایک ہے، جس میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ افسوسناک طور پر 241 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک خوش قسمت مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ نکلا۔