کینسر سے جنگ، امید کے ساتھ، انجلین ملک کا جذباتی پیغام
پاکستان کی معروف اداکارہ، ماڈل، ہدایتکارہ اور پروڈیوسر انجلین ملک ان دنوں کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف ایک مشکل مگر حوصلہ مند جنگ لڑ رہی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی چھٹی کیموتھراپی مکمل ہونے پر اسپتال کے بستر سے ایک جذباتی ویڈیو پیغام انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس نے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کو دل کی گہرائیوں سے متاثر کیا۔
انجلین نے اپنی پوسٹ میں لکھا:
> "کیمو ایک مشکل سفر ہے۔ آج میرا چھٹا سیشن مکمل ہوا۔ یہ مذاق نہیں، لیکن میں اب بھی یہاں ہوں، اب بھی لڑ رہی ہوں۔ ایک دن، ایک سانس، ایک دھڑکن… یہی میری اصل طاقت ہے۔”
شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ بظاہر جسمانی طور پر کمزور دکھائی دے رہی ہیں، مگر ان کی آنکھوں میں زندہ رہنے کا عزم اور امید کی جھلک نمایاں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ ایک تکلیف دہ عمل ہے، لیکن وہ زندگی کی طرف مکمل واپسی کا یقین رکھتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے بعد تعریف اور دعاؤں کا سیلاب آ گیا۔
اداکارہ عائشہ عمر نے کہا:
> "زندگی کو جینے اور اپنی سچائی کو قبول کرنے والوں کے لیے سلام اور محبت!”
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے نیک تمناؤں کے ساتھ دعا دی:
"آپ کی جلد صحتیابی کے لیے بہت سی دعائیں۔ آمین!”
اداکار اعجاز اسلم نے انہیں "بہادر خاتون” قرار دیتے ہوئے لکھا:
"اللہ آپ کو ہمیشہ سلامت رکھے۔”
جبکہ میکال ذوالفقار نے نیک خواہشات کے ساتھ لکھا:
"ان شاء اللہ آپ مکمل طور پر صحتیاب ہوں گی۔”
مداحوں کی بڑی تعداد نے بھی اپنی محبت، دعائیں اور کینسر سے جڑی اپنی ذاتی کہانیاں شیئر کرتے ہوئے انجلین ملک کو حوصلہ نہ ہارنے کا پیغام دیا۔
یاد رہے کہ انجلین ملک نے نہ صرف اداکاری میں نام کمایا، بلکہ "کتنی گرہیں باقی ہیں”، "مجھے جینے دو” اور "چھوٹی چھوٹی باتیں” جیسے سماجی موضوعات پر مبنی کامیاب ڈراموں کی ہدایتکاری سے بھی لاکھوں دلوں کو متاثر کیا۔
انجلین کی یہ جدوجہد صرف ان کی ذاتی ہمت کا مظہر نہیں، بلکہ وہ ان تمام لوگوں کے لیے روشنی کی کرن ہیں جو کینسر جیسے کٹھن امتحان سے گزر رہے ہیں۔ ان کا پیغام صاف ہے حوصلہ، صبر اور امید یہی زندگی کی اصل طاقتیں ہیں۔
