سعودی عرب نے ایرانی عالم کو رہا کر دیا، ایران واپسی کی تصدیق
ریاض/تہران: سعودی حکام نے معروف ایرانی عالم دین غلام رضا قاسمیان کو رہائی دے دی ہے۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رہائی کے بعد وہ سعودی عرب سے روانہ ہو کر بحفاظت ایران پہنچ چکے ہیں۔
غلام رضا قاسمیان کی گرفتاری گزشتہ روز اُس وقت عمل میں آئی تھی جب وہ حج کے لیے سعودی عرب میں موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں سوشل میڈیا پر سعودی حکومت سے متعلق تنقیدی پوسٹ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
ایرانی عدلیہ نے اس اقدام کو غیر قانونی اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ ایک مذہبی فریضے کے دوران کسی عالم کی اس نوعیت کی گرفتاری نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ بین الاقوامی سفارتی اصولوں کے بھی منافی ہے۔
اب جبکہ غلام رضا قاسمیان کی رہائی عمل میں آ چکی ہے، تہران میں اسے ایران کی سفارتی کوششوں کی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس واقعے نے ایک بار پھر ایران اور سعودی عرب کے درمیان نازک تعلقات کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ مہینوں میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔
